دی اکنامسٹ گروپ کے ریسرچ اینڈ انالائسز ڈویژن ’اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو)‘ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں کراچی کو ’رہائش‘ کے حوالے سے دنیا کے بدترین شہروں میں شامل کر دیا۔ سکونت اختیار کرنے سے متعلق دنیا کے 140 بدترین شہروں کی فہرست میں ’کراچی‘ کا نمبر 134 ہے، یعنی پورٹ موریسبی، ڈھاکہ، تریپولی، لاؤس اور دمشق کے مقابلے میں کراچی کو بہتر بتایا گیا ہے۔ شہروں کی درجہ بندی استحکام، صحت کی سہولیات، ثقافت و ماحول، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں نوعیتی اور کمیتی عوامل کی بنیادوں پر کی گئی۔
درجہ بندی کے لیے کیے جانے والے سروے میں صرف ان شہروں اور بزنس سینٹرز کو شامل کیا گیا تھا جہاں لوگ سکونت اختیار کرنا یا دورہ کرنا چاہیں، لہٰذا اس میں کابل اور بغداد کو شامل نہیں کیا گیا تھا جہاں جنگ جاری ہے۔ تاہم ماضی قریب میں نسبتاً غیر مستحکم رہنے والے شہروں جیسا کہ ’دمشق‘ کو سروے میں شامل کیا گیا۔ آسٹریلیا کا شہر میلبورن ’قابل سکونت‘ شہروں میں مسلسل ساتویں بار پہلے نمبر پر رہا، جبکہ آسٹریلیا کے دیگر دو اور کینیڈا کے تین شہر اس فہرست کے پہلے 10 شہروں میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ دوسری جانب کراچی مسلسل تیسری بار رہائش کے لیے دنیا کے بدترین شہروں میں شامل رہا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ حیران کن طور پر کراچی میں ان پانچ شعبوں میں سے کسی میں 2015 سے کوئی بہتری نہ بدتری آئی۔
0 Comments