Ticker

6/recent/ticker-posts

کچرے کا ڈھیر کراچی

پینے کا صاف پانی ہو یا کراچی کا کچرا اعلیٰ عدلیہ ان دونوں مسئلوں کو درست کرنے کے لیے سرتوڑ کوشش کر رہی ہے۔ امید ہے کہ کامیابی ہو گی۔ پینے کا صاف پانی تو ابتدا ہی سے میسر نہ تھا۔ اس طرف توجہ دینا خوش آئند ہے۔ اور یہ صرف کراچی ہی کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔ لیکن کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنانا یقیناً کسی سوچ اور منصوبے کے تحت تھا۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی میں خاکروبوں کی ایک خاص تعداد ہے جو ہر مہینے باقاعدگی سے تنخواہ وصول کرتی ہے۔ جس پر حکومت کو ایک " معقول رقم" خرچ کرنی پڑتی ہے۔ 

یہ خاکروب صبح کے وقت اپنی حاضری لگواتے اور اپنے حصے کی سڑکوں کی صفائی پر چلے جاتے تھے۔ ہر علاقے کا ایک ٹھیکیدار ہوتا تھا ۔ جو ان کی حاضری لیتا تھا۔ اور پھر کام تقسیم کرتا تھا۔ یہ خاکروب دوپہر تک اپنا کام مکمل کرتے تھے۔ جب زیادہ اچھا نظام تھا تو یہ خاکروب صبح اور شام دو وقت جھاڑو لگاتے تھے۔ رات کو سڑکیں تک دھلتی تھیں۔ (خیر یہ تواب ایک خوبصورت خواب ہے) لیکن پھر کیا ہوا کہ ہر کام میں " حصہ داری" کا نظام آگیا۔ ٹھیکیدار حاضری لگاتے ہوئے تنخواہ میں حصہ مانگنے لگا۔ یوں " بارگینگ" شروع ہوئی اور خاکروب اپنی تنخواہ کا چند فیصد ٹھیکیدار کو دینے کے عوض اپنی ڈیوٹی کے اوقات کم کرنا شروع ہو گئے۔ 

یوں انتہا یہاں تک پہنچی کہ جو لوگ رضا بخوشی بڑی باقاعدگی سے اپنی تنخواہ کا حصہ ٹھیکیدار کو دیتے تھے وہ اب ڈیوٹی دینے سے " مبراقرار" دے دیئے گئے۔ کوئی بنگلے میں کام کر رہا ہے، کوئی بنگلے کا چوکیدار بنا ہوا ہے، کوئی ڈرائیور بنا ہوا ہے یا علاقے کا چوکیدار۔ الغرض جس کو جہاں جہاں کام ملتا گیا وہ وہاں جاتا رہا۔ حاضری کے رجسٹر پر حاضری لگتی رہی اور سرکاری تنخواہ وصول ہوتی رہی۔ (اب ان ٹھیکیداروں کی آمدنی میں کون کون حصہ دار ہو گا آپ خود اندازہ لگا سکتے ہیں) کام ہوتا ہوا نظر آرہا ہو یا نہیں اس سے کسی کو غرض نہیں۔ اسی طرح کا حال کچرا اٹھانے والی گاڑیوں کا بھی ہے پہلے یہ بڑی پابندی سے کچرا کچرا کنڈی سے اٹھانے آتی تھیں۔

دھیرے دھیرے ان کے آنے کے اوقات میں تبدیلی آنی شروع ہوئی اور پھر دیکھتے دیکھتے کئی کئی دنوں کے بعد یہ گاڑیاں کچرا اٹھانے آتیں۔ کچروں کے ڈھیرلگنے شروع ہو گئے اور عوام بھی غلاظت کو پسند کرنے لگے۔ ہر کوئی اپنا گھر اور اطراف صاف کر کے کونے میں کچرے کے ڈھیر لگانے لگا۔ لیکن اب عدالت عالیہ نے ایک ہفتہ کا وقت دیا ہے میئر کراچی کو۔ جنہوں نے حلف اٹھانے سے پہلے ہی طے کر لیا تھا کہ کرنا کچھ نہیں ہے۔ صرف اختیارات کے نہ ہونے کا شکوہ کرنا ہے۔ اس طرح گیند ہر وقت حکومت سندھ کے کوٹ میں رہے گی اور ویسے بھی پاکستانی معاشرے میں " مظلومیت " کے نمبر سب سے زیادہ ہوتے ہیں۔

اگر آپ کو کامیابی حاصل کرنی ہے تو اور کچھ نہیں کرنا توسب سے پہلے مظلوم بن جایئے اور مظلومیت کا اتنا پرچار کریں کہ سامنے والے کو یقین آجائے۔ لیکن کئی سالوں کے بعد یہ " ترپ کا پتہ" بھی ساتھ نہ دے سکا۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ اختیارات کو بھی دیکھ لیا جائے گا۔ لیکن رفاہی بنیادوں پر کچرے کو ختم کیا جائے۔ سندھ حکومت کے نظام کو بھی دیکھنا ہو گا کہ آخر ان کا اس معاملے میں کتنا کردار ہے؟ نالوں کی صفائی صرف برسات آنے سے پہلے ہوتی ہے اور کچرا نالے سے نکال کر کونے پر رکھ دیا جاتا ہے اٹھایا نہیں جاتا ہے۔ ایسے میں یہ " نالے کی صفائی" کہلائے گی؟ کیونکہ چند دنوں کے بعد یہ کچرے کا ڈھیر واپس نالے میں گر جاتا ہے۔ ایسے میں صفائی کا کیا فائدہ؟

لیکن اب ضرورت ہے کہ عوام بھی اپنا حصہ اس کام میں ڈالیں اور سڑک پر یا کسی کے گھر کے سامنے کچرا پھینکنے سے گریز کریں۔ حکومت کو بھی چاہیے کہ عوام کے لیے کچرا پھینکنے کی مناسب جگہ " کچراکنڈی" بنائے یا جگہ جگہ کچرے کے ڈرم رکھے۔ جس میں گیلے کا الگ، سوکھے کا الگ اور ری سائیکل کا الگ۔ اس کے بعد عوام کو پابند کیا جائے۔ کیونکہ تالی دونوں ہاتھ سے ہی بجتی ہے۔ سندھ حکومت، بلدیہ کراچی اور کراچی کے عوام کو مل کر ہی کراچی کو مسائل سے پاک کرنا ہے!

سید منہاج الرب
 

Post a Comment

0 Comments