گرافک ڈیزائنر اور مصور آسام الطاف نے سیاحوں کے لیے شہر قائد کراچی کو پر کشش اور سیاحتی شہر دکھانے کے لیے 108 جگہوں پر مشتمل کراچی کا پہلا سیاحتی نقشہ تیار کر لیا ہے ۔ لاہور سے تعلق رکھنے والے گرافک ڈیزائنر اور مصور آسام الطاف نے کراچی کو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنانے کے لیے پہلا نقشہ تیار کیا ہے۔ آسام الطاف کی جانب سے بنائے گئے اس نقشے میں تاریخی عمارتیں، تعلیمی ادارے، اسپتال، تھیم پر مبنی پارکس، ساحل، ریزورٹس، پارکس، مذہبی رسومات ادا کرنے والی جگہیں، صنعتی اور رہائشی مقامات سمیت کراچی پورٹ بھی شامل ہے۔ آسام الطاف کا کہنا ہے کہ کراچی کو سیاحتی شہر میں بدلنے کا عمل پیچیدہ تھا مگر انہوں نے اس نقشے کو بہترین انداز میں بنا لیا ہے۔ آسام کے مطابق کراچی کا سیاحتی نقشہ بنانا اُن کے لیے آج تک کے بنائے گئے سب ہی نقشوں سے زیادہ مشکل ثابت ہوا کیوں کہ شہر کے اندر ایک چھوٹا سا پورا ملک بستا ہے۔
کراچی کے سیاحتی پرکشش مقامات کون سے ہیں ؟ آسام نے کراچی کے بنائے گئے سیاحتی نقشے کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ’ انہیں اس نقشے کی تکمیل کے لیے اس شہر میں 7 سے 8 بار خود آنا پڑا تا کہ وہ کراچی شہر کو بہتر طریقے سے جان سکیں ۔ آسام الطاف کی خواہش ہے کہ وہ اندرون ملک سیاحتی مقامات کی کھوج لگاتے رہیں اور تاریخی مقامات کی تلاش جاری رکھیں۔ اُن کا مزید کہنا ہے کہ اس قبل وہ پاکستان کا سیاحتی نقشہ بھی تیار کر چکے ہیں، اگر آپ کسی باہر ملک سے تعلق رکھتے ہیں اور پاکستان کا دورہ کرنا چاہتے ہیں تو اُن کا بنایا ہوا پاکستان کا سیاحتی نقشہ مفید ثابت ہو گا۔
0 Comments