تمام تر بنیادی سہولتوں سے عاری یہ لوگ یوں تو کراچی کے شہری کہلاتے ہیں ۔کیونکہ انکے قومی شناختی کارڈ میں ایڈریس کے خانے میں شہر کی جگہ کراچی درج ہے ۔بد قسمتی سے ان کے ساتھ آج تک کراچی کے شہریوں سا سلوک روا نہیں رکھا گیا ۔شاید اس کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ وہ کراچی کے مضافات میں واقع دیہی علاقوں کے رہائشی ہیں ۔اور بھلا دیہی باشندوں کو کون کراچی جیسے میٹرو پولیٹن شہر کا شہری تسلیم کریگا!
یوں تو مسائل کا شکار یہ مخلوق ہاکس بے کی ساحلی پٹی سے لیکر بن قاسم تک پھیلے ہوئے دیہی علاقوں میں رہائش پذیر ہے ۔ جنکی کثیر آبادی مختلف بلوچ قبائل قلندرانی ،رودینی،سمالانی، کلمتی،رخشانی ، رند، محمدحسنی، ساسولی، مینگل، لانگو، لہڑی، میروانی، ڈگار زئی ملازئی ، درازئی، دہوار ، ہارونی ، گرگناڑی، میرازئی، شاہوانی، جلکانی، بھنڈ، جسکانی، جتک، جاموٹ ، گنگو ، زہری، بنگل زئی ، شیخ حسینی ، گزگئی ، شیخ احمدی ، ابابکی ، و غیرہ پر مشتمل ہے ۔
ایک وقت میں کراچی کے پچاس فیصد سے زائد زمینوں کے کھاتے ان ہی کے نام تھے ۔جن پر آج کے میٹرو پولیٹن سٹی کی بنیاد بننے والے یہ دیہاتی کھیتی باڑی اور گلہ بانی کرتے تھے پھر بتدریج شہری ذہنیت اور سرمایہ دارانہ نظام ان دیہاتیوں پر حاوی ہونے لگا جب ترقی کے نام پر مختلف حیلوں بہانوں کے ذریعے سرکاری محکموں اور سرمایہ داروں کی ملی بھگت سے انکی زمینوں کو عطیا لیا گیا ۔رویونیو بورڈ کے کچھ کرپٹ افسران اور عملے کے ذریعے تعلیم سے عاری ان میں سے بعض لوگوں کی زمینوں کو ڈرا دھمکا کے کوڑی کے مول لیکر بڑے بڑے سرمایہ داروں کی جھولی میں ڈالا گیا اور دیگر کی زمینوں کو کار سرکار کے دائرے میں آنے کے بہانے سے قبضہ کر کے ان پر بڑی بڑی چار دیواریاں بنا کر ان کو اربوں میں فروخت کیا گیا ۔یہاں تک کہ انکے آبائی قبرستانوں کی کٹنگ کرکے ان پر بھی ہاتھ صاف کیا گیا ۔
نئے اور پرانے گوٹھوں کے نام پر جعلی الاٹمنٹ کرکے مقامی افراد کی لیز شدہ زمینوں کو لینڈ مافیا کے حوالے کیا گیا جن پر غیر قانونی پلاٹنگ کرکے مذید غیر قانونی کچی بستیاں تعمیر کی گئیں اور جرائم پیشہ افراد کی منتقلی کا سبب بن کر یہ نئی بستیاں دیہی کراچی کا امن بھی تباہ کر نے کا باعث بنی ۔ آج کے ترقی یافتہ دور او ر ایک میٹروپولیٹن شہر کا حصہ ہوتے ہوئے بھی یہ انتہائی پسماندہ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔آج بھی گھر کا چھولا جلانے کیلئے لکڑی اور مویشیوں کے گوبر سے بننے ہوئے اپلوں کا استعمال کرتے ہیں ۔ مسلسل نظر انداز کرنے اور بنیادی سہولیات سے محروم رکھنے کی وجہ سے آج دیہی کراچی کے ایک حصے کو اسسٹنٹ کمشنر گڈاپ کی رپورٹ میں قحط ذدہ علاقہ قرار دینا پڑا اگر حالات یوں ہی رہے تو وہ وقت دور نہیں جب باقی ماندہ دیہی کراچی کو بھی کسی رپورٹ میں قحط ذدہ علاقہ تسلیم کرنا پڑیگا ۔
لاکھوں کی آبادی والے ان گوٹھوں میں ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے لیے مڈل اور ہائی اسکول تو کجا پرائمری اسکول بھی نہ ہونے کے برابر ہیں۔چند ایک اگر ہیں تو وہ بھی فعال نہیں کیونکہ یہاں مقامی افراد کو نظر انداز کرکے سیاسی طور پر من پسند بھرتیاں کی گئیں ہیں ۔دور دراز کے شہری اساتذہ دیہی علاقوں میں حاضری کو شاید اپنی توہین سمجھتے ہیں ۔ ان دیہی علاقوں میں بنیادی انسانی حقوق و سہولیات کو چھوڑ کر باقی تمام غیر قانونی کام تسلسل اور بغیر کسی خوف کے ا نتطامیہ کی سر پرستی میں جاری و ساری ہیں ۔شہر کا مضافاتی اور دیہی علاقہ ہونے کی وجہ سے جہاں لوگ تعلیم سے بے بہرہ اور بنیادی انسانی حقوق سے یکثر نا بلد ہیں ۔
ان عوامل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہاں مختلف مافیاؤں کو مضبوطی کے ساتھ پاؤں جمانے کا موقع فراہم کیا گیا ۔ جس میں لینڈ مافیا،غیر قانونی ایرانی تیل بیچنے والا مافیااور پانی چور مافیا سر فہرست ہیں ۔ان دیہی علاقوں میں حب ڈیم سے لیکر بلدیہ ٹاؤن تک ناردرن بائی پاس کے کنارے درجنوں غیر قانونی ہائیڈرینٹس کراچی کے شہریوں کاپانی بڑی بے دردی سے چوری کرکے بیچ رہے ہیں ۔دوسری طرف ان دیہی علاقوں کے ساتھ ساتھ کراچی کے شہری علاقوں میں بھی پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے عوام پانی کو ترس رہے ہیں ۔خانہ پوری کے لیئے ان درجنوں ہائیدرنٹس میں سے ایک دو کو بند کراکے ٹی وی اور اخبارات میں پانی کی چوری کے خاتمے کی نوید سنا کر متعلقہ ذمہ داران اپنے فرائض نبھانے کا ڈھونگ رچاتے ہیں لیکن اس کارروائی کے چند گھنٹے بعد یہ بند ہائیڈرنٹس دوبارہ اسی شدت کے ساتھ پانی کی چوری میں مگن ہو جاتے ہیں ۔
غالب امکان ہےکہ اس کار خیر میں واٹر بورڈ کے چند ملازمین و افسران ملوث ہیں اور اپنے حصہ کا ثواب ان ہائیڈرنٹس کے مالکان سے بنا کسی شرمساری کے وصول کرتے ہیں متعلقہ اداروں کی چشم پوشی کی وجہ اور منافع بخش کاروبار ہونے کی وجہ سے ان ہائیڈرینٹس کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔ اسی طرح دیگر مافیاء بھی اپنی سر گرمیوں کو بلا جھجھک جاری رکھے ہوئے ہیں جو متعلقہ انتظامی اور شہری خدمت کے اداروں کے افسران کو انکا حصہ ادا کرتے ہوئے ذرا بھی بخل سے کام نہیں لیتے ۔
اسکے ساتھ ساتھ جرائم پیشہ افراد اور کالعدم تنظیموں کے کارکنان بھی حکومت اور شہری انتظامیہ کی دیہی علاقوں کو نظر انداز کرنے کی دوغلی پالیسی کی وجہ سے کراچی کی مضافات کو اپنے محفوظ ٹھکانوں میں تبدیل کرنے لگے ہیں جسکی وجہ سے اب ان علاقوں میں جرائم کی شرح بھی بڑھ رہی ہے جو آج سے دس سال پہلے نا ہونے کے برابر تھی ۔
ایک بڑی بد قسمتی ان دیہی علاقوں کی یہ بھی ہے کہ رنگ ونور اور گلیمریس کا دلدادہ ہمارے میڈیا کے لئے ان جا ہل وگنوار تصورکیئے جانے والے بے ڈھنگے،سانولی رنگت اور دھول مٹی میں رہنے والوں کے مسائل میں کوئی کشش نہیں ۔مٹی سے اٹے ہوئے ان علاقوں کو میڈیا کوریج کی عدم دستیابی کی وجہ سے یہاں غیر قانونی کاموں میں ملوث افراد کے اعتماد کو مزیدتقویت پہنچتا ہے ۔
سندھ کی دو بڑی سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر دیہی سندھ اور شہری سندھ کی مفادات کو ترجیح دینے کا الزام عائد کرتی ہیں لیکن دیہی کراچی یکثر سیاسی سرپرستی سے بھی محروم ہے ۔
دیہی کراچی والوں کا المیہ یہ بھی ہے کہ آدھا تیتر اور آدھا بٹیر کے موافق نہ یہ پوری طرح دیہاتی اور نہ ہی سہی معنوں میں شہری تصور کیئے جاتے ہیں ۔ سندھ کے دیگر مزدور اور پسے ہوئے طبقے کی طرح ان دیہی باشندوں نے بھی ہمیشہ سے ذولفقار علی بھٹو کی پیپلز پارٹی کو اپنی امیدوں کا محور جانا اور پیپلز پارٹی کے لیئے خوابوں ،خواہشوں اور ضروریات حتیٰ کہ اپنے بچوں کے مستقبل کو قربان کر دیا ۔ لیاری کے بعد اگر اب تک کراچی میں پیپلز پارٹی کا وجود ہے تو سبب دیہی کراچی کے باشندے ہی ہیں ۔جو پیپلز پارٹی کے سچے اور فطری جیالے کہلائے جاسکتے ہیں جن کا ایک مضبوط قبائلی پس منظر ہے اور قبائلی نظام سے جڑا ایک متفقہ ووٹ بینک بھی ہے ۔
دیہی کراچی کے ووٹرز نے ہر بار اپنا ووٹ پیپلز پارٹی کی ہی جھولی میں ڈالا لیکن دوسری طرف سے ہر بار وعدہ خلافیاں اور پھر نئے وعدے اورصرف جھوٹی تسلیاں ہی ملیں ۔
آج دیہی کراچی بھی ایک او ر تھر بننے جا رہا ہے ۔ ایک طرف پڑوس میں شہری زندگی اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ جلوہ افروز ہے جہاں روشنیاں اور بڑی حد تک تمام شہری سہولتیں موجود ہیں لیکن دوسری طرف افلاس ، بے روزگاری ، اندھیروں میں ڈوبا اور بنیادی سہولتوں سے محروم دیہی کراچی ہے ۔ ان پسماندہ علاقوں کے لیئے ترقیاتی فنڈز جاری تو کیے جاتے ہیں لیکن یہ کس عمرو عیار کی زنبیل میں جاتے ہیں یہ کبھی معلوم نہیں کیا جاسکا۔
اگر دیہی کراچی کے مسائل و مصائب کا بروقت ادراک نہیں کیا گیا اور مسائل کے شکار ان لوگوں کی داد رسی نہیں ہوئی تو دیہی کراچی بھی سندھ حکومت کیلئے ایک اور تھر ثابت ہو سکتا ہے اور پھر شاید دیہی علاقوں میں حکومتی پارٹی کے جیالوں کا بھی قحط پڑ جائے تو یہ کوئی اچھنبے کی بات نہیں ہوگی۔
حنیف رودینی
0 Comments