اللہ کا لاکھ شکر ہے کہ ملک بھر میں باران رحمت برسی ہے۔ ورنہ بارش نہ ہونے کی وجہ سے پورا ملک پریشان تھا۔ صدر مملکت نے تو نماز استسقاء پڑھنے کی اجازت دے دی تھی ۔ حالانکہ یہ کہا جا تا ہے کہ یہ نماز حکمرانوں پر بھاری ہوتی ہے۔ خیر اللہ کا شکر ہے کہ پورے ملک میں بارشیں ہو رہی ہیں۔ پہاڑوں پر برف پڑ رہی ہے۔ حالیہ بارشوں نے پاکستان کے دو بڑوں شہروں کراچی و لاہور میں دلچسپ صورتحال پیدا کی ہے۔ دونوں شہروں میں پیدا ہونے والی صورتحال نے مجھے دونوں شہروں میں موازنہ کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ جب لاہور کراچی کا موازنہ کیا جائے گا تو سندھ اور پنجاب کی حکومتوں کا موازنہ بھی ہو گا۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے سندھ اور پنجاب میں حکومتوں کا دورانیہ ایک جیسا ہے۔
سندھ میں پیپلزپارٹی 2008 سے جب کہ پنجاب میں مسلم لیگ 2008 سے برسر اقتدار ہے۔ اس طرح دونوں کا کم از کم سندھ اور پنجاب کے بڑے شہروں کی حد تک موازنہ تو جائز ہے۔ کراچی پاکستان کا سب سے برا شہر ہے۔ کراچی پاکستان کا معاشی دارلخلافہ ہے۔ اس کی ترقی سے ہی پاکستان کی ترقی ہے۔ لیکن پھر بھی نہ جانے کراچی لاہور سے کیوں پیچھے رہ گیا ہے۔ اس ضمن میں پیپلزپارٹی نہ تو وسائل کی کمی کا بہانہ کر سکتی ہے اور نہ ہی اس ضمن میں پنجاب کو کسی بھی طرح مورد الزام ٹھہرایا جا سکتا ہے۔
لاہور پاکستان کا دوسرا بڑا شہر ہے ۔ لیکن شہری سہولتوں اور شہری ترقی میں یہ شاید پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ کراچی میں بارش کے بعد پورے شہر میں پانی کھڑا ہو گیا ہے۔ سڑکوں پر کھڑے پانی نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بارش کا مزہ لینے اور سڑکوں پر کھڑے پانی کا جائزہ لینے کے لیے شہر کے دورہ پر نکلے۔ ان کے شہر کے دورہ پر نکلنے پر مجھے وزیر اعلیٰ پنجاب کی کا فی سال پہلے کی ایک تصویر یاد آ گئی جسے میڈیا میں بہت شہرت ملی تھی۔ لاہور کے مشہور لکشمی چوک جہاں کئی دہائیوں سے بارش کے بعد کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو جاتا تھا میں وہ بارش کے بعد کھڑے پانی میں اپنے لانگ شوز پہن کر چلے گئے۔ شہباز شریف کا لانگ شوز پہن کر بارش کے کھڑے پانی میں گھس جانے کو ان کے مخالفین نے شعبدہ بازی قرار دیا۔ اور ان پر بہت تنقید کی ۔ لیکن آج لکشمی چوک میں پانی کھڑا ہونے کا مسئلہ حل ہو گیا ہے۔
وہاں جمع ہونے والا پانی اب آدھے گھنٹے میں ہی نکل جاتا ہے۔ یقینا لاہور میں نکاسی آب پر شہباز شریف حکومت کی جانب سے گزشتہ سالوں میں بہت توجہ دی گئی ہے۔ جن کے ثمر ات آج نظر بھی آرہے ہیں۔ جب کہ دوسری طرف کراچی میں نکاسی آب پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ جس کا نتیجہ حالیہ بارشوں کے بعد نظر بھی آ رہا ہے۔ میئر کراچی وسیم اختر کراچی کی اس ابتر صورتحال کا ذمے دار پیپلزپارٹی کے آٹھ سالہ دور حکومت کو قرار دے رہے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ ان آٹھ سالوں میں وسیم اختر کی جماعت کتنے سال پیپلزپارٹی کے ساتھ شریک اقتدار رہی ہے۔ لیکن چلیں یہ مسئلہ اس طرح حل ہو گیا ہے کہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارشیں نہ ہونے کی پیشنگوئی کر دی ہے۔
آپ صفائی کو ہی لے لیں۔ لاہور میں صفائی کی صورتحال کو دیکھیں اور کراچی میں صفائی کی صورتحال کو دیکھیں۔ ویسے تو مئیر کراچی وسیم اختر نے شہر کی صفائی کے سو دن کا پروگرام شروع کیا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ شہر کی صفائی کے لیے انھیں اختیارات درکار ہیں۔ یعنی نہ نو من تیل ہو گا نہ رادھا ناچے گی۔ جب کہ کراچی ہی کے سابق میئر مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ شہر کی صفائی کے لیے کسی اختیارکی کوئی ضرورت نہیں۔ لاہور میں صفائی کے لیے پانچ سال قبل ایک ترک کمپنی کو ٹھیکہ دیا گیا۔ جب یہ ٹھیکہ دیا گیا تو پیپلز پارٹی نے شہباز شریف کا بہت مذاق اڑایا تھا۔ لیکن وقت نے ثابت کیا ہے کہ شہر کی صفائی ایک جدید کام ہے۔ آپ دیکھیں کہ شہباز شریف کے فیصلہ کے پانچ سال بعد پیپلزپارٹی بھی اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ کراچی کی صفائی کے لیے انھیں بھی ایک ماہر کمپنی کی ضرورت ہے۔ لیکن پانچ سال ضایع کرنے کے بعد یہ بات پیپلزپارٹی کی سمجھ میں آئی ہے۔ اس طرح بلا شبہ صفائی میں بھی کراچی لاہور سے پانچ سال پیچھے رہ گیا ہے۔ میٹرو بھی اسی طرح کی ایک مثال ہے۔
اسی پیپلزپارٹی نے جب لاہور میں پہلی میٹرو بنائی گئی تو تنقید کی انتہا کر دی۔ اور اس کو ایک فرسودہ اور نا کام منصوبہ قرار دیا۔ لیکن آج وہی پیپلزپارٹی خود کراچی کے لیے سرکلر ریلوے سمیت میٹرو طرز کے منصوبوں کی قائل ہو چکی ہے۔ لیکن شاید یہ بات سمجھنے میں بھی پیپلزپارٹی کو پانچ سال لگ گئے۔ ان پانچ سالوں میں لاہور اورنج لائن کے قریب پہنچ گیا ہے۔ راولپنڈی ملتان اور فیصل آباد میں بھی میٹرو بن گئی ہیں۔ جب کہ پیپلزپارٹی ابھی کراچی کا ہی کوئی فیصلہ نہیں کر سکی ہے۔ سندھ کے باقی شہروں کے بارے میں سوچنا تو دور کی بات ہے۔
اسی طرح لاہور میں بننے والے پل سڑکیں انڈر پاس یقینا کراچی سے ترقی میں جیت کا اعلان کر رہے ہیں۔ کراچی سے سوشل میڈیا activist ریحان اللہ والا لاہور آئے اور ان سے ملاقات ہوئی۔ ان سے کراچی اور لاہور کے موازنہ پر بھی بات ہوئی تو وہ کہنے لگے کہ ایک وقت تھا کہ اہل لاہور جب کراچی آتے تھے تو کراچی پرر شک کرتے تھے اور کراچی کو روشنیوں کا شہر کہتے تھے لیکن کراچی کا شہری ہونے کے ناطے میں یہ کہتا ہوں کہ اب صورتحال بدل گئی ہے اب اہل کراچی لاہور پہنچ کر رشک کرتے ہیں اور لاہور کو روشنیوں کا شہر کہتے ہیں۔ ایک وقت تھا کہ کراچی کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ یہ ہر رنگ نسل کو بلا امتیاز روزگار دیتا ہے لیکن اب یہ امتیاز بھی لاہور کو حاصل ہوتا جا رہا حتیٰ کہ یہاں ہر رنگ نسل کو بلا امتیاز روزگار مل رہا ہے۔ پہلے لوگ لاہور سے کراچی ہجرت کرتے تھے اور اب کراچی سے لاہور ہجرت کرتے ہیں۔
جہاں تک تحریک انصاف کا تعلق ہے تو ان کی جانب سے نئی تشہیری مہم بدل گیا ہے خیبر پختونخواہ میں سڑکوں اور پلوں کو دکھانا بھی اس بات کی دلیل ہے کہ تحریک انصاف بھی اس بات کو نظر انداز نہیں کر سکتی کہ کسی بھی شہر کی ترقی میں انفرااسٹرکچر بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ تحریک انصاف کی کے پی کے حکومت نے بھی پہلے شہباز شریف کے ان اقدامات کی بہت مخالفت کی لیکن اب شاید آہستہ آہستہ انھیں بھی ان اقدامات کی اہمیت کا انداذہ ہو گیا ہے۔ لیکن شاید تحریک انصاف سے بھی بہت دیر ہو گئی ہے۔
مزمل سہروردی
0 Comments