Ticker

6/recent/ticker-posts

کراچی میں 9 سال بعد کرکٹ ، شہر دلہن کی طرح سج گیا

شہرقائد کراچی میں بالآخر 9 برس بعد انٹرنیشنل کرکٹ واپس آگئی، شہری پرجوش
شہر دلہن کی طرح سجا دیا گیا، پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کا فائنل نیشنل اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور سابق چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین شام 7 بجے کھیلا جائیگا۔ سیکورٹی انتظامات سخت اور اسٹیڈیم کا کنٹرول بھی فورسز نے سنبھال لیا ہے، فائنل مقابلے کیلئے نیشنل اسٹیڈیم میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے، گزشتہ روز دونوں ٹیموں نے اسٹیڈیم میں پریکٹس کی. 

ماہرین کا کہنا ہے کہ فائنل میں دلچسپ مقابلہ ہو گا۔ 30 ہزار تماشائیوں والے نیشنل اسٹیڈیم کے تمام ٹکٹ ایڈوانس میں فروخت ہو چکے ہیں جبکہ ٹکٹوں کی مانگ میں بدستور اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ گراونڈ دو ورلڈ کپ میچوں کی میزبانی کے بعد پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ کے فائنل کی میزبانی کر رہا ہے۔ فائنل کے سلسلے میں انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس اور رینجرز کے اہلکار فائنل کے موقع پر اسٹیڈیم اور اس سے ملحقہ علاقوں میں مامور کیے گئے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے حامی اپنی اپنی ٹیموں کی ٹی شرٹ اور یونیفارم پہن کر گھوم رہے ہیں جس سے شہر میں جشن کا سماں ہے، خواتین میں بھی خاصا جوش نظر آ رہا ہے، فائنل کی وجہ سے شہر میں ہونے والی کئی تقریبات بھی منسوخ کر دی گئی ہیں، رات گئے شہر کے مختلف علاقوں میں نوجوان خوشی میں سڑکوں پر جشن مناتے رہے، نیشنل اسٹیڈیم کے باہر کے حصوں کو خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے، میچ دیکھنے کے لئے کئی اہم شخصیات نے بھی ٹکٹ خرید لئے ہیں، اس گراونڈ میں2009 میں آخری بار پاکستان اور سری لنکا کا ٹیسٹ میچ ہوا تھا جس کے اگلے ہی ٹیسٹ کے دوران سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشتگرد حملہ ہوا تھا۔نیشنل اسٹیڈیم کا تعمیراتی کام اور تزئین و آرائش تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ 

عبدالماجد بھٹی

Post a Comment

0 Comments