Ticker

6/recent/ticker-posts

کراچی، ایک ماہ میں کتنی دکانیں گرائی گئیں؟

کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پر کے ایم سی کی جانب سے رپورٹ تیار کر لی گئی جس کے مطابق ایک ماہ کے دوران 7 ہزار دکانیں، 10 ہزار سے زائد سن شیڈ گرائے گئے۔ اعلیٰ عدلیہ کے حکم پر کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کو ایک ماہ مکمل ہو گیا، کے ایم سی نے کراچی کے تمام اضلاع کی رپورٹ تیار کر لی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک ماہ کے دوران 7 ہزار دکانیں، 10 ہزار سے زائد سن شیڈ گرانے کے علاوہ 5 ہزار سے زائد وال فکسچر، 2 ہزار سے زائد تھلے اور چبوترے گرائے گئے۔ کارروائی میں ایمپریس مارکیٹ میں بھی 2 منزلہ عمارت گرائی گئی۔ کے ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کی تفصیلات کمشنر کراچی کو بھیجی جائیں گی۔

تجاوزات کے خلاف آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ضلع جنوبی کے تین علاقوں میں 1706 دکانوں اور تجاوزات کو گرایا گیا، ضلع وسطی میں 9 مقامات پر 302 دکانیں اور متعدد شادی ہالز گرائے گئے جبکہ ضلع کورنگی میں 4 مقامات پر 280 دکانیں، 6 ہوٹل اور دیگر تعمیرات گرائی گئیں۔ ضلع شرقی میں 11 دکانیں اور 200 سے زائد دیگر تجاوزات گرائی گئیں جبکہ ضلع ملیر اور ضلع کاؤنسل ملیر میں تجاوزات کے خلاف کوئی آپریشن نہیں کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق دونوں اضلاع میں پیپلز پارٹی کے منتخب بلدیاتی چیئرمین اور اکثریت ہے۔ کے ایم سی ذرائع کے مطابق ملیر میں تجاوزات کی بھرمار ہے لیکن کے ایم سی کے ساتھ تعاون نہیں کیا جاتا۔
 

Post a Comment

0 Comments