اگر آپ کراچی کے رہنے والے ہیں تو صابری، زاہد، جاوید اور وحید نہاری سمیت مشہور نہاری سے واقف ہوں گے، لیکن بہترین ذائقے اور مقبولیت کی بنا پر ’زاہد نہاری‘ نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور دنیا کی 100 سب سے مشہور ریستوران میں شمار ہو گئی ہے۔ یہ انکشاف معروف آن لائن فوڈ پورٹل کی جانب سے شئیر کی گئی فہرست میں ہوا جہاں حال ہی میں دنیا کے 100 سب سے مشہور ریستوران’ کی فہرست جاری کی گئی جس میں کراچی زاہد نہاری نے بھی جگہ بنا لی۔ اس فہرست میں ’زاہد نہاری‘ کا نام 89 ویں نمبر آیا ہے اور اس فہرست میں یہ پاکستان سے واحد ریستوران ہے۔ اس کے برعکس بھارت کے 5 ریستوران نے فہرست میں جگہ بنائی ہے۔ زاہد نہاری کا نام کراچی کے ان مقبول ریستوران میں شمار ہوتا ہے جہاں لوگ ان کی نہاری کے مزیدار ذائقے، رنگ، خوشبو کے گرویدہ ہیں، صرف کراچی ہی نہیں بلکہ ملک کے دیگر شہر سے آئے لوگ بھی یہاں کا رخ لازمی کرتے ہیں۔ اس کے مشہور ہونے کی ایک خاص وجہ گرماگرم، مزے دار اور ذائقے دار نہاری ہے، زاہد نہاری کی شہر بھر میں مختلف شاخیں واقع ہیں اور یہاں ہوم ڈیلیوری اور پارسل لے جانے کی خدمات بھی دستیاب ہیں۔ کراچی کی زاہد نہاری کو سیاستدان بھی پسند کرتے دکھائی دیتے ہیں، سابق وزیر مفتاح اسماعیل نے وزیر خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد کہا تھا کہ وہ پاکستان واپس جانے کے بعد کراچی میں زاہد نہاری، جاوید نہاری، الکباب، غفار اور میرٹھ کباب میں کھابے کھائیں گے۔
0 Comments