Ticker

6/recent/ticker-posts

کراچی دنیا کا آٹھواں سستا ترین شہر

ایک بین الاقوامی مشاورتی فرم کی تازہ رپورٹ کے مطابق کراچی دنیا کے سستے
ترین شہروں میں شامل ہے جبکہ مہنگے ترین شہروں میں ہانگ کانگ سرفہرست ہے۔ یہ سروے دنیا بھر کی کمپنیوں کے لیے مرسر نامی کمپنی نے کیا ہے تاکہ کمپنیاں کسی شہر میں اپنے غیرملکی ملازمین کو دی جانے والی مراعات کا حساب کتاب کر سکیں۔ اس سالانہ فہرست میں دنیا بھر کے 209 شہر شامل ہیں جبکہ سروے میں 200 چیزوں کا خیال رکھا گيا ہے جن میں رہائش، ٹرانسپورٹ، کھانا، کپڑے، تفریح وغیرہ شامل ہیں۔

اس فہرست میں کراچی کا نمبر 201 ہے یعنی وہ دنیا کے سستے ترین شہروں میں آٹھویں نمبر پر ہے تاہم گذشتہ برس یہ 205 ویں پوزیشن تھا۔ اس سلسلے میں جنوبی افریقہ کے دو شہر کیپ ٹاؤن اور جوہانسبرگ پہلے دس میں شامل ہیں۔ کیپ ٹاؤن دوسرے نمبر پر ہے جبکہ جوہانسبرگ پانچویں نمبر پر۔ اس سے قبل کی ایک رپورٹ میں بھارت پاکستان کے پانچ شہر دنیا کے سب سے سستے دس شہروں میں شامل تھے. رواں سال سب سے سستا شہر نمیبیا کا وینٹہوک قرار پایا ہے۔
بھارت کا غریب پرور کہلانے والا شہر کولکتہ مزید سستا ہوا ہے اور رواں سال وہ 16ویں نمبر پر ہے۔
یہ فہرست کسی شہر میں باہر سے آنے والے افراد کو مدنظر رکھ کر بنائی گئی ہے جبکہ مارچ کے مہینے میں معاشی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے ادارے اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو) کے 133 شہروں کی فہرست میں سب سے سستے دس شہروں میں سے پانچ انڈیا اور پاکستان کے تھے۔ دو سال قبل ای آئی یو کی 131 شہروں کی فہرست میں رہائش اور خورد و نوش کے خرچ کے لحاظ سے کراچی دوسرے نمبر پر تھا جبکہ ممبئی پہلے نمبر پر۔
  
اس فہرست میں رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹ پر آنے والے اخراجات پر توجہ دی گئي ہے. رواں سال مرسر کے ذریعے کرائے جانے والے سروے کے دس سستے ترین شہر اس طرح ہیں:
وینٹہوک (نمیبیا)، کیپ ٹاؤن (جنوبی افریقہ)، بشکیک (کرغستان)، بلانٹائر (ملاوی)، جوہانسبرگ (جنوبی افریقہ)، منسک (بیلاروس)، تیونس (تیونس)، کراچی (پاکستان)، گیبرونے (بوٹسوانا)، لوساکا (زیمبیا)۔
اور مہنگے ترین شہروں میں دس سرفہرست شہر ہانگ کانگ، لوانڈا (انگولا)، زیورچ (سوئٹزرلینڈ)، سنگاپور، ٹوکیو (جاپان)، کنشاشا (کونگو)، شنگھائی (چين)، جنیوا (سوئٹزرلینڈ)، نجامینا (چاڈ) اور بیجنگ (چین) ہیں۔
مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں لندن کا 17واں، دبئی کا 21واں، شکاگو کا 34واں، واشنگٹن کا 38واں، ڈھاکہ کا 45واں، ممبئی کا 82واں، دہلی کا 130واں جبکہ اسلام آباد کا 180واں نمبر ہے۔

Post a Comment

0 Comments