Ticker

6/recent/ticker-posts

کراچی میں عوامی دسترخوانوں پر افطار کرانے کا رجحان 200 فیصد بڑھ گیا

رمضان المبارک کا آغاز ہوگیا ہے، رحمتوں کے مہینے میں جہاں مسلمان روزہ رکھتے ہیں اور عبادت کر کے اللہ کے حضور گناہوں کی مغفرت طلب کرتے ہیں وہیں اس بابرکت مہینے میں مسلمان اپنی استطاعت کے مطابق روزہ داروں کو افطار کرانے کی کوشش کرتے ہیں کراچی ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔
شہری طویل لوڈ شیڈنگ اور قلت آب جیسے مسائل سے پریشان ہیں تاہم شہریوں میں افطار کرانے کے جذبے میں کوئی کمی نہیں آئی بلکہ اس میں اضافہ ہوا ہے شہر میں جگہ جگہ مغرب سے قبل عوامی دستر خوانوں پر افطار کا اہتمام کیا جاتا ہے جہاں مخیر حضرات کی جانب سے اللہ کی راہ میں دل کھول کر روزہ داروں کے لیے افطار کا بندوبست ہوتا ہے یہاں لوگ نہ صرف افطار کرتے ہیں بلکہ اب افطار کے لوازمات کے ساتھ ساتھ کھانے کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے. 

سروے کے دوران مقامی تنظیم کے فلاحی سروسز کے انچارج عمران الحق نے بتایا کہ ایک جانب مہنگائی نے لوگوں کی قوت خرید محدود کی ہے پہلے تو غریب طبقہ افطار کے لوازمات سے محروم رہتا تھا لیکن اب سفید پوش افراد بھی افطار کی نعمتوں سے محروم رہتے ہیں اور سفید پوشی کا بھرم رکھنے کے لیے سادگی سے افطار کرتے ہیں انھوں نے بتایا کہ شہر میں صاحب حیثیت مسلمانوں کی کوئی کمی نہیں ہے اور اس مہینہ دل کھول کر اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ شہر میں عوامی افطار دسترخوانوں کا رجحان بڑھ رہا ہے اور گزشتہ برس کی نسبت اس سال اس رجحان میں مزید 200 فیصد اضافہ ہو گیا ہے اور شہر میں 4500 مقامات پر عوامی افطار دستر خوان سجائے جاتے ہیں جہاں کم و بیش 40 لاکھ افراد افطار کرتے ہیں.

اور یہ دسترخوان اورنگی ٹاؤن، سائٹ، ماڑی پور، سرجانی ٹاؤن، عزیز آباد، حسین آباد، نیو کراچی، ناظم آباد، نارتھ کراچی، لیاقت آباد، کریم آباد، گولیمار، پی آئی بی کالونی، مارٹن روڈ، گارڈن، لانڈھی، کورنگی، منظور کالونی، محمود آباد، نرسری، کالا پل، جیل چورنگی، بہادرآباد، طارق روڈ، ایم اے جناح روڈ، رنچھوڑ لائن، گارڈن، سولجر بازار، لائنزایریا، کھارادر، میٹھادر، کیماڑی، شیریں جناح کالونی، اختر کالونی، ڈیفنس، ٹاور، آئی آئی چندریگر روڈ، آرام باغ، ایم اے جناح روڈ، برنس روڈ، گرومندر، صدر، حیدری، شاہ فیصل کالونی، ملیر، قائدآباد، فیڈرل بی ایریا سمیت دیگر علاقوں میں لگائے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ عوامی دستر خوان شاہراہوں، سڑکوں، عوامی مقامات، بس اسٹاپس پر لگائے جاتے ہیں۔ افطار دستر خوانوں کا اہتمام مخیر حضرات دینی، ملی، روحانی جذبے کے تحت کرتے ہیں۔ مخیر حضرات کے علاوہ فلاحی وسماجی تنظیمیں بھی اپنی مدد آپ کے تحت افطار کراتے ہیں۔ یہاں لوگ خاموشی سے آتے ہیں اور افطار کر کے چلے جاتے ہیں۔ ان افطار دسترخوانوں پر لوگوں کو بغیر کسی رنگ ونسل اور مذہب کے خشوع وخضوع کے ساتھ افطار کراتے ہیں اور کھانا کھلایا جاتا ہے۔

عامر خان
 

Post a Comment

0 Comments