Ticker

6/recent/ticker-posts

پاکستان کا پہلا 6 اسٹار ہوٹل کراچی میں بنے گا

پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور اقتصادی مرکز کراچی میں جب سے امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، نہ صرف ثقافتی گہماگہمی لوٹ آئی ہے، بلکہ معاشی سرگرمیاں بھی بحال ہوئی ہیں۔ اور یقیناً یہ خبر پورے پاکستان اور خاص طور سے کراچی والوں کے لئے خوشگوار سرپرائز ہو گی کہ ’پاکستان کا پہلا چھ ستارہ ہوٹل‘ کراچی ہی میں تعمیر کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے روح رواں کراچی کے ایک ارب پتی تاجر حبیب اللہ خان ہیں۔ 

’پاکستان ٹوڈے‘ کے پبلشر بابر نظامی نے ’وائس آف امریکہ‘ کے ساتھ خصوصی بات چیت میں بتایا کہ ’’حبیب اللہ خان میڈیا اور لائم لائٹ سے بہت دور رہنے والی شخصیت ہیں۔ انہوں نے ہمیں پاکستان کے پہلے ’سکس اسٹار ہوٹل‘ تعمیر کرنے سے متعلق تفصیلات تو ظاہر کر دی تھیں۔ لیکن بعد میں انہوں نے کہا کہ ’’رہنے دیں، انٹرویو شائع نہ کریں۔ لیکن، بالآخر، ہم نے عارف نظامی صاحب سے ان کے قریبی تعلقات کے سبب منا ہی لیا۔‘‘ اُنھوں نے بتایا کہ ’’ہوٹل کراچی میں اسی جگہ تعمیر ہو گا جہاں اس وقت ہوٹل میٹروپول واقع ہے، یعنی شاہراہ فیصل کے آخری کونے پر۔‘‘

بقول حبیب اللہ، ’’ہم ایک ڈسٹرکٹ بنا رہے ہیں جو چار مختلف جز پر مشتمل ہو گا اور ان میں سے ایک جز 6 اسٹار ہوٹل ہے۔ ہوٹل کی سہولت کو شیئر کرتے برانڈ اپارٹمنٹ بھی ہوں گے۔ دراصل ہم شہر کے اندر ایک اور شہر بنانا چاہتے ہیں اور اس کے لئے انتھک کام کر رہے ہیں۔‘‘ ہوٹل کی تعمیر کے لئے کراچی کے فنانشیل ڈسٹرکٹ میں واقع چار ایکٹر کے رقبے پر موجود متروکہ ’ہوٹل میڑوپول‘ حبیب اللہ خان خرید چکے ہیں۔ اس سے متعلق ان کا کہنا ہے کہ ’’ہوٹل میڑوپول کے سابق مالکان پارسی تھے جو ایک عشرے سے ہوٹل کو فروخت کرنے کی کوششوں میں تھے۔ ہوٹل کی خریداری میں بہت سی پارٹیوں نے دلچسپی لی۔ لیکن، گنتی کے چند کے پاس ہی جلد ادائیگی کے لئے لیکوڈیٹی اور ہوٹل خریدنے کی لگن موجود تھی۔ اللہ کے فضل سے ہم نے دو مہینوں کے اندر ڈیل مکمل کر لی۔‘‘

 وسیم صدیقی

بشکریہ وائس آف امریکہ

 

Post a Comment

0 Comments