چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے سینٹرل جیل کراچی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے مختلف بیرکس میں قیدیوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے چیف جسٹس نے قیدیوں کو طبی سہولیات کے لیے جیل انتظامیہ کو احکامات جاری کیے۔ چیف جسٹس نے قیدیوں کے لیے بنایا گیا کھانا کھا کر اس کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران قیدیوں نے چیف جسٹس کے سامنے شکایتوں کے انبار لگا دیئے، کئی قیدیوں نے شکایت کی کہ سزائیں پوری ہونے کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا جا رہا۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگر آپ کی سزا مکمل ہو چکی تو رہائی مل جائے گی، جسٹس ثاقب نثار نے جیل حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ کراچی سینٹرل جیل کے انتظامات دیگر صوبوں سے بہتر ہیں، جن قیدیوں کو ریلیف مل سکتا ہے ان کی درخواستوں پر فوری عملدرآمد کا حکم دیا ہے۔
0 Comments