Ticker

6/recent/ticker-posts

لیاری کے دورے کے دوران بلاول کے قافلے پر پتھراؤ

کراچی میں چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی انتخابی مہم کے دوران ان کے قافلے پر پتھراؤ کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری کے قافلے پر پتھراؤ اس وقت کیا گیا جب وہ انتخابی مہم کے سلسلے میں لیاری کے مختلف علاقوں کے دورے پر تھے۔ بلاول مسلسل دوسرے روز لیاری کے دورے پر ہیں۔ قافلے پر پتھراؤ کے نتیجے میں دو افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں تاہم بلاول بھٹو اور ان کے ساتھ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت مکمل طور پر محفوظ رہی۔ بلاول بھٹو زرداری کو اس وقت بھی احتجاج کا سامنا کرنا پڑا جب ان کی گاڑی گرم ہونے کے باعث قافلے کو روکنا پڑا اور وہاں گاڑی میں پانی ڈالا گیا۔ علاقہ مکین احتجاجاً چھتوں پر خالی مٹکے لے کر آ گئے اور علاقے میں پانی کی قلت پر احتجاج کیا۔ لیاری کا حلقہ پاکستان پیپلز پارٹی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور یہاں سے پیپلز پارٹی کو ہرانا ہر جماعت کے لئے چیلنج ہے۔ اس حلقے سے پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو اور سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو سمیت پیپلز پارٹی کی اہم قیادت منتخب ہو چکی ہے۔ 

مختلف ادوار میں لیاری میں حکومتیں آئیں اور چلی گئیں لیکن لیاری کے عوام کے حالات زیادہ نہ بدلے۔ کروڑوں روپے کی اسکیمز منظور ہونے کے باوجود لیاری میں پانی، سیوریج، صحت، کھیل، تعلیم اور روزگار کے مسائل کم و بیش جوں کے توں ہیں۔ ان مسائل سے یہاں کے لوگوں کی پیپلز پارٹی سے جذباتی وابستگی کم ہوئی ہے۔ لیاری کے حالات سال 2014 میں کراچی میں شروع کئے گئے ٹارگٹڈ آپریشن سے قبل بے حد خراب تھے اور اس کے اکثر علاقے نہ صرف لسانیت کی بنیاد پر تقسیم تھے بلکہ قانون نافذ کرنے والوں کے لئے بھی نوگو ایریا بنے ہوئے تھے۔ تاہم اب اس میں بتدریج بہتری آئی ہے. لیکن بدنام زمانہ گینگ وار کے اثرات اب بھی یہاں نظر آتے ہیں۔ ایک ماہ قبل ہی ایک کارروائی کے دوران یہاں رینجرز کا ایک اہلکار ہلاک ہو چکا ہے۔

محمد ثاقب

بشکریہ وائس آف امریکہ
 

Post a Comment

0 Comments