کیا روشنیوں کے شہر کراچی کیلئے ہر گند، کوڑے کرکٹ اور آلودگی سے صفائی کی کوئی امید ہے۔ 70 کی دہائی میں ایم اے جناح روڈ سمیت کراچی کی اہم شاہروں کی روز تو نہیں لیکن ہر ہفتے صفائی ہوتی تھی۔ کیا ہم یہ دوبارہ کر سکتے ہیں؟21 ایم این ایز، 44 ایم پی ایز، سیکڑوں کونسلرز اور بڑی سیاسی پارٹیوں کے ہزاروں کارکنان جنھیں شہریوں کی سپورٹ بھی حاصل ہے، وہ کافی حد تک کام کر سکتے ہیں۔ صرف اپناحلقہ صاف رکھیں اورہفتوں میں نہیں تو چند ماہ میں ہی شہر مختلف نظر آئے گا۔ جہاں تک شہری، سندھ کے اور وفاقی حکومت کے کردار کا تعلق ہے تو انھیں نہ صرف پلاسٹک بیگز، گٹکا پر پابندی لگانے کی ضرورت ہے بلکہ ان تمام ذرائع کو بھی بند کرنا ہو گا جہاں سے یہ آتے ہیں۔
مجھے تاحال اس میگا سٹی کے وہ پرانے اچھے دن یاد ہیں جب پارک اور پلے گرائونڈز کو باقاعدہ پانی کی سپلائی ملا کرتی تھی تاکہ گھاس اور گرائونڈ صاف رہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ میں نے ملک کے سب سے بڑے شہر کو ’خون کی ندیوں‘ میں دیکھا۔ اسے صاف کرنے کی حالیہ کوشش کہاں تک کامیاب ہو گی یہ دیکھنا دلچسپ ہو گا لیکن یہ یقین ہے کہ درست سمت میں ایک قدم کافی دور تک جاتا ہے۔ لہذا ملک کے معاشی مرکز کو درحقیقت کیا ہوا کہ روشنیوں کا شہر وفاق کو 70 فیصد ریوینیو دینے کے باوجود تاریکیوں میں ڈوب گیا، اس کیلئے مکمل مطالعے اور تحقیق کی ضرورت ہے۔ پرانے کراچی کی بحالی ایک مشکل کام ہو گا لیکن ہم تاحال ’نیا کراچی‘ بنانے کا خواب دیکھ سکتے ہیں، ضرورت صرف اس کی ذمہ داری لینے کی ہے۔
0 Comments