پاکستان کے شہر جہلم سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر محمد عثمان جنجوعہ نے چین سمیت دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے جان لیوا کورونا وائرس کے خلاف رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کر دیں۔ پاکستان میں موجود چین کے سفارت خانے کے آفیشل اکاؤنٹ سے کئے گئے ایک ٹوئٹ کے مطابق ڈاکٹر عثمان چانگشا میڈیکل یونیورسٹی میں شعبہ تدریس سے وابستہ ہیں۔ ڈاکٹر محمد عثمان جنجوعہ کا تعلق دینہ، جہلم، پاکستان سے ہے ۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عثمان جنجوعہ چین کے صوبہ ہنان کے دارالحکومت چانگشا کی چانگشا میڈیکل یونیورسٹی میں سال 2016 سے بحیثیت استاد خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
کورونا وائرس کے تیزی سے دنیا بھر میں پھیل جانے کے بعد ڈاکٹر عثمان جنجوعہ نےجرات مندانہ قدم اٹھاتے ہوئے رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کی ہیں۔ ڈاکٹر عثمان جنجوعہ چین میں کورونا وائرس کے خلاف اپنی خدمات پیش کرنے والے پہلے بین الاقوامی ڈاکٹر بن گئے ہیں۔ پاکستان میں سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں صارفین ڈاکٹر عثمان جنجوعہ کو ہیرو قرار دینے کے ساتھ ان کے اس فیصلے کو سراہ رہے ہیں۔ پاکستانی ڈاکٹر کے اس فیصلے نے پاکستانی قوم سمیت چینیوں کے دل بھی جیت لیے۔
0 Comments