Ticker

6/recent/ticker-posts

پی آئی اے کی ایئر سفاری 14 سال بعد بحال

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے سیاحت کے فروغ کے لیے 14 سال بعد اسلام آباد سے ایئر سفاری پرواز بحال کر دی۔ پی آئی اے کی پہلی ایئر سفاری فلائٹ جس میں 13 ممالک کے 91 سیاح سوار تھے، ہفتے کے روز اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اسکردو کے لیے روانہ ہوئی۔ ایئر سفاری فلائٹ اسکردو میں لینڈنگ سے قبل پاکستان کی سب سے بلند ترین چوٹی کے-ٹو سے نانگا پربت، براڈ پیک گلیشیئر پر پرواز کرے گی اور پھر اسلام آباد واپس آئے گی۔ پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ غیر ملکی سیاحوں نے پاکستان کے خوبصورت پہاڑی سلسلے کو دیکھنے کے لیے جوش و خروش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایئر سفاری سیاحوں میں مقبول ہے اور اس سے پاکستان میں سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی۔ 

پی آئی اے اسلام آباد سے اسکردو کے لیے ہفتے میں ایک مرتبہ ایئر سفاری پرواز چلائے گی، دوران پرواز سیاح 13 مقامات دیکھیں گے اور اس کا یک طرفہ کرایہ 25 ہزار روپے ہو گا۔ شیڈول کے مطابق، سیاح ڈیڑھ گھنٹہ اسکردو میں گزاریں گے جس کے بعد وہ واپس اسلام آباد روانہ ہوں گے۔  پی آئی اے نے حال ہی میں سیدو شریف کے لیے اپنی پرواز کا آغاز کیا تھا جبکہ لاہور سے اسکردو کے لیے پی آئی اے کی پروازیں بھی شروع کی گئی ہیں۔ اس سے قبل پی آئی اے نے شمالی علاقوں میں موسم کی خراب صورتحال کی وجہ سے اپنی افتتاحی سفاری پرواز ایک ہفتے کے لیے منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا، ترجمان پی آئی اے نے کہا تھا کہ دنیا کی بلند ترین چوٹیوں کو دیکھنے کے لیے موسم کی صورتحال ٹھیک ہونا اہم ہے۔

یہ خبر 20 جون 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


Post a Comment

0 Comments