Ticker

6/recent/ticker-posts

لوگ آپ کو کیوں پسند نہیں کرتے؟

کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں، جو اپنے آس پاس کے لوگوں کو خوش رکھتے ہیں۔ وہ
کچھ بھی کریں لوگ انہیں پسند کرتے ہیں، اُن کی موجودگی ہی لوگوں میں خوشیاں بکھیر دیتی ہیں۔ دوسری طرف کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں، جن کی موجودگی لوگوں کو اچھی نہیں لگتی اور لوگ اُن سے ملنے سے کتراتے ہیں۔ اگر آپ کو بھی ایسا لگتا ہے کہ لوگ آپ کو ناپسند کرتے ہیں تو پریشان نہ ہوں۔ ہم اس تحریر کے ذریعے آپ کو وہ اہم ترین وجوہ بتائیں گے، جن کی وجہ سے لوگ آپ کو ناپسند کرتے ہیں۔ آئیے آپ اپنی شخصیت کا تجزیہ کر کے یہ ناپسندیدہ عادتیں ختم کریں۔ 
حد سے زیادہ خود مختار ہونا 
اگر آپ اپنے کام اور اپنے فیصلے خود کرنے کے عادی ہیں اور لوگوں کی باتوں اور فیصلوں کو اہمیت نہیں دیتے تو لوگ آپ سے بات کرنا، کسی بھی بات پر آپ کو رائے یا مشورہ دینا ہر گز پسند نہیں کریں گے۔ ان کا خیال ہوتا ہے کہ آپ کی کوئی اہمیت نہیں۔ آپ تجاویز اور مشورے دے کر اپنا وقت ضائع کرتے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ وقت کے ساتھ پھر وہ آپ سے بھی کسی بات پر مشورہ یا رائے بھی نہ مانگیں گے۔ 

دکھاوے کی عادت 
ہو سکتا ہے آپ کے اندر اپنے دوست احباب کے سامنے ’’دکھاوے‘‘ کے برے جراثیم موجود ہوں، جو لوگوں کو پسند نہ آتے ہوں۔ ضرورت سے زیادہ اپنی چیزوں اورصلاحیتوں کا دکھاوا آپ کو لوگوں میں مقبول کرنے کی بجائے ناپسندیدہ بنا رہا ہوتا ہے۔

 ’’سیدھی بات‘‘ کرنے کی عادت 
یہ بھی ایک بڑی وجہ ہے کہ لوگ آپ کو ناپسند کرتے ہوں۔ آپ کا منہ پھٹ ہونا شاید لوگوں کو پسند نہ آتا ہو۔ آپ سچ ضرور بولیں، لیکن کوشش کریں کہ اپنا لہجہ اور رویہ تھوڑا نرم رکھ کر بولیں۔ بات کو اس طرح کہیں کہ سانپ بھی مر جائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے۔ 

غالب آجانے والی عادت 
اگر آپ لوگوں کی سننے کی بجائے ہر محفل میں غالب آنے کی کوشش کریں گے، تو لوگ آپ کو ہر گز پسند نہیں کریں گے۔ اگر آپ صرف اپنی بات ہی کہنا چاہتے ہیں اور اُن کی بات سننے میں دلچسپی نہیں لیتے تو یہ ایک بری عادت ہے۔ متاثر کن شخصیت بھی نقصان دہ؟ ضروری نہیں کہ آپ کو ناپسند کرنے کی وجہ منفی ہی ہو بلکہ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کچھ لوگ آپ کو صرف اس لیے نا پسند کرتے ہیں کیونکہ وہ آپ کی متاثر کن شخصیت سے جلتے ہیں اور آپ کے سامنے خود کو کمتر محسوس کرتے ہیں۔

زرتاشیہ میر

Post a Comment

0 Comments