دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے کمپیوٹر آپریٹنگ سسٹم ’’ونڈوز‘‘ کو تخلیق کرنے والی کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کا کہنا ہے کہ وہ ونڈوز نہیں بلکہ اینڈروئیڈ آپریٹنگ سسٹم کا حامل اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں۔ بل گیٹس اور اسٹیو جابز بلاشبہ وہ شخصیات ہیں جنہوں نے ٹیکنالوجی کی دنیا کو یکسر تبدیل کر کے رکھ دیا ہے اور اکثر لوگوں کے ذہن میں یہ سوال ابھرتا ہے کہ ٹیکنالوجی کی دنیا کے یہ بڑے نام خود کون سی ڈیوائسز استعمال کرتے ہیں۔ اپنے انٹرویو میں مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے انکشاف کیا کہ وہ ونڈوز آپریٹنگ سسٹم والے کمپیوٹرز استعمال کرتے ہیں تاہم جب بات موبائل فون کی ہو تو اب انہیں اینڈروئیڈ اسمارٹ فونز پسند ہیں جن میں متعدد مائیکرو سافٹ سافٹ ویئرز بھی موجود ہیں۔
جب بل گیٹس سے پوچھا گیا کہ کیا وہ بھی اپنے ساتھ ایک سے زائد فون رکھتے ہیں اور کیا ان کے پاس ایپل کا آئی فون موجود ہے تو انہوں نے کہا کہ وہ آئی فون استعمال نہیں کرتے۔ رپورٹس کے مطابق عین ممکن ہے کہ بل گیٹس اینڈروئیڈ آپریٹنگ سسٹم کا حامل جنوبی کورین کمپنی سام سنگ کا اسمارٹ فون استعمال کرتے ہوں کیوں کہ ایپل کے بعد سام سنگ لوگوں کی اولین ترجیح ہوتی ہے۔ خیال رہے کہ اس وقت اسمارٹ فونز میں دو طرح کے آپریٹنگ سسٹمز کام کر رہے ہیں، پہلا اینڈروئیڈ سسٹم جسے گوگل نے تیار کیا ہے اور وہ سام سنگ سمیت متعدد کمپنیوں کے اسمارٹ فونز میں دستیاب ہے جب کہ دوسرا آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس ہے جو خاص طور پر ایپل اپنے اسمارٹ آئی فونز کے لیے تیار کرتا ہے، اس کے علاوہ مائیکروسافٹ کی جانب سے تیار کردہ موبائل آپریٹنگ سسٹم ’ونڈوز‘ کو ایک عرصے تک نوکیا نے اپنے اسمارٹ فونز میں استعمال کیا تاہم مقبول نہ ہونے کی وجہ سے اب نوکیا نے بھی اینڈروئیڈ اسمارٹ فونز لانچ کر دیے ہیں۔
0 Comments