Ticker

6/recent/ticker-posts

کراچی میں ہیٹ اسٹروک

گزشتہ روز بھی کراچی کا درجہ حرارت 44 ڈگری تک جا پہنچا شہر میں دن بھر گرم ہوائیں چلتی رہیں اور سڑکیں بھی سنسان رہیں۔ اس صورتحال کے باعث حکومت سندھ ریڈ الرٹ جاری کر کے 4 یا 5 روز گرمی کی شدت میں مزید اضافے اور ہیٹ اسٹروک کے خطرہ سے بھی آگاہ کر چکی ہے۔ ایدھی سینٹر کے ترجمان کے مطابق گزشتہ دنوں غریب علاقوں سے 64 میتیں لائی گئیں، ان اموات کا سبب ہیٹ اسٹروک بتایا جاتا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کراچی میں گرمی کی شدت نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں جبکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ کسی بھی تشویشناک صورتحال کی خبر پڑھ کر عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے یہ سب کچھ ہمارے ملک میں ہو رہا ہے ۔

دنیا کے اکثر ممالک ایسے ہیں جہاں گرمی پاکستان سے کہیں زیادہ شدت سے پڑتی ہے لیکن ان ممالک نے اس سے نمٹنے کے انتظامات کر رکھے ہیں جبکہ ہمارے ہاں ایسا نہیں ہے بجلی کا بحران گزشتہ کئی دہائیوں سے ہے جس پر قابو پانے کے دعوے تو بہت کئے جاتے ہیں لیکن صورتحال اس کے برعکس ہے۔ بہرحال یہ ایک حقیقت ہے کہ جن مسائل کا ہمیں سامنا ہے ان پر اکثر قومیں قابو پا چکی ہیں جبکہ بعض ان پر قابو پانے کے جدید طریقے ایجاد کر رہی ہیں، ہمیں بھی ایسا ہی کرنا ہو گا صرف کراچی ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے مؤثر منصوبہ بندی کی جائے، درخت لگائے جائیں ، توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے متبادل ذرائع استعمال کئے جائیں ، جیسا کہ بھارت میں مجموعی ضرورت کی 30 فیصد جبکہ امریکہ میں مجموعی ضرورت کی 70 فیصد بجلی کوئلے سے حاصل کی جاتی ہے ۔ عوام کو بھی گرمی کی شدت اور ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیراختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

اداریہ روزنامہ جنگ
 

Post a Comment

0 Comments