Ticker

6/recent/ticker-posts

سمندر میں سیوریج ڈالنا ڈی ایچ اے کی مجرمانہ غفلت ہے

سندھ واٹر کمیشن نے کہا ہے کہ سمندر میں سیوریج ڈالنا ڈی ایچ اے کی مجرمانہ غفلت ہے۔ جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم نے سندھ ہائی کورٹ میں واٹر کمیشن کی سماعت کی۔ سیکرٹری دفاع کے پیش نہ ہونے پر کمیشن نے برہمی کا اظہار کیا۔ کمیشن نے کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے نمائندے سے کہا کہ آپ کے علاقے میں ٹرکوں کے ذریعے سیوریج کا پانی سمندر میں پھینکا جا رہا ہے، بے نظیر بھٹو شہید پارک کی حالت خراب ہے، پارک کے نیچے سے لائنیں سمندر میں جا رہی ہیں۔ سی ای او کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ نے کہا کہ بوٹ بیسن کے علاقے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں تاہم غلطی تسلیم کرتا ہوں۔ کمیشن نے کہا کہ کبھی آپ سی ویو گئے ہیں وہاں ریسٹورنٹس بنانے کی اجازت کون دے رہا ہے، تمام ریسٹورنٹس سیوریج سمندر میں پھینک رہے ہیں، کیا آپ سی ویو پر ننگے پاؤں گھوم سکتے ہیں، میں ساحل گیا اور چھلانگیں مار کر سیوریج کے پانی سے بچا۔

واٹر کمیشن نے ڈی ایچ اے نمائندے کی بھی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایچ اے فیز ون میں تو سہولیات دی نہیں اور مزید فیز بنانا شروع کر دیے، کیا ڈی ایچ اے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں، آپ شہریوں سے سیوریج کے پیسے لیتے ہیں مگر پلاننگ میں سیوریج ٹریٹمنٹ کا نظام موجود نہیں، ڈی ایچ اے کی پلاننگ کون کرتا ہے، فیز 8 میں فیکٹریوں کا سیوریج اور آئرن ملا پانی کہاں سے آ رہا ہے۔
ڈی ایچ اے فیز 8 کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ کمیشن کی ہدایت پر چند مقامات سے سیوریج سمندر میں ڈالنا بند کر دیا گیا ہے تاہم غفلت ضرور ہوئی ہے۔ واٹر کمیشن نے کہا کہ اسے غفلت نہیں مجرمانہ غفلت کہیں، سمندر کا کوئی ایک حصہ بتا دیں جہاں سیوریج کا پانی نہیں پھینکا جاتا ہو، آپ نشاندہی کریں تاکہ شہری گھومنے جائیں تو آلودگی سے محفوظ رہیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اعتراف کیا کہ تسلیم کرتا ہوں سمندر کا کوئی حصہ نہیں جہاں آلودگی نہ ہو، ہمیں مہلت دیں، تمام معاملات دیکھ لیتے ہیں، 8 سے 9 ماہ میں سیوریج کا پانی سمندر میں جانے کا سلسلہ مکمل بند کر دیا جائے گا۔ واٹر کمیشن نے کہا کہ سیکرٹری دفاع خود لکھ کر دیں کہ 8 سے 9 ماہ میں یہ کام مکمل کر لیں گے۔ کمیشن نے سیکرٹری دفاع سے تحریری جواب طلب کر لیا۔ دوران سماعت واٹر بورڈ کے فوکل پرسن پیش ہوئے اور انہوں نے ڈی ایچ اے کو مزید پانی فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ ڈی ایچ اے کے گھروں میں لان اور سوئمنگ پول بھی ہیں۔ جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم نے کہا کہ شہر میں پینے کو پانی نہیں اور ڈی ایچ اے سوئمنگ پول بنانے کی بھی اجازت دے رہا ہے۔ کمیشن کی مزید سماعت ملتوی کر دی گئی۔
 

Post a Comment

0 Comments