Ticker

6/recent/ticker-posts

کراچی کے دیگر علاقوں میں بھی انسداد تجاوزات مہم کا آغاز

محکمہ انسداد تجاوزات کی جانب سے شہر قائد کے تمام علاقوں میں انسداد تجاوزات مہم شروع کر دی گئی۔ جبکہ میئر کراچی نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں صدر میں انسداد تجاوزات کے خلاف کارروائی پر سیاست کر رہی ہیں جو غلط ہے، سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد ہو رہا ہے، واضح احکامات ہیں کہ ایمپریس مارکیٹ کے اندر اور باہر تمام تجاوزات ختم کر دی جائیں، صدر کے متاثرین کو متبادل دینے کے لئے حکومت سندھ غور کر رہی ہے جبکہ کے ایم سی اپنے کرایہ داروں کو دیگر مارکیٹوں میں جگہ دے گی، صدر کی صفائی پہلا فیز ہے دوسرے فیز میں متاثرین کو جگہ دی جائے گی۔ وہ ایمپریس مارکیٹ کے دورے کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ 

میئر نے ایمپریس مارکیٹ کے اطراف اور صدر کے دیگر علاقوں کا معائنہ کیا اور ملبہ اٹھانے کے کاموں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ دریں اثناء میئر کراچی کی ہدایت پر سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر صدیقی نے شہر کے تمام علاقوں اور 6 اضلاع میں انسداد تجاوزات مہم شروع کر دی ہے، شہر کے تمام علاقوں کے چوراہوں اور مارکیٹوں میں بینرز لگائے گئے اور پمفلٹ تقسیم کئے گئے، جن میں قابضین سے کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر ایسے تمام قابضین جنہوں نے فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر کاروبار جاری رکھا ہوا ہے یا قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سن شیڈ نصب کئے ہوئے ہیں وہ خود انہیں توڑ دیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی اگلے چند دنوں میں شہر بھر میں آپریشن شروع کر دے گی، جس کے دوران قابضین کا جو بھی نقصان ہو گا اس کے وہ خود ذمے دار ہوں گے۔
 

Post a Comment

0 Comments