Ticker

6/recent/ticker-posts

کراچی میں کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیر نظر انداز کر دی گئیں

کراچی میں کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر پھر نظر انداز ہونا شروع ہو گئیں جبکہ انتظامیہ کا بھی وہی ردعمل سامنے آیا ہے جو گذشتہ روز آیا تھا، طارق روڈ اور لائنز ایریا سمیت مختلف علاقوں میں کئی مارکیٹیں اور دکانیں سیل کر دی گئیں۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے تیسرے روز بازاروں میں عوام کا بے پناہ رش دیکھنے میں آیا جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی بہت زیادہ رہا۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد صبح 6 سے دوپہر 12 بجے تک تو معاملہ قابو میں رہتا ہے، لیکن اس کے بعد عید کی خریداری کا بے قابو جن بوتل سے باہر آجاتا ہے۔ پھر ماسک، دستانے، سینیٹائزر اور باہمی فاصلے سمیت حکومت کی ہر ہدایت پیچھے رہ جاتی ہے اور لوگ بیوی بچوں سمیت آگے کو نکل پڑتے ہیں۔

کراچی میں کل کا یہ نقشہ آج بھی نظر آیا تو انتظامیہ نے آج بھی کل جیسا ایکشن لیا۔ رنچھوڑ لائن میں کپڑے کی مارکیٹ موتی مینشن کو سیل کر دیا گیا۔ اسی طرح طارق روڈ پر آئیڈیاز گل احمد، سلمان فیشنز، قریشی گارمنٹس، کڈز اینڈ کڈز، سرخاب کلاتھ، عظمیٰ شاپنگ سینٹر، رفیع شاپنگ سینٹر، شادمان سینٹر، متین سینٹر کو ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کے سبب سیل کر دیا گیا۔ گزشتہ روز صدر میں زینب مارکیٹ سمیت اطراف میں جن مارکیٹوں کو سیل کیا گیا تھا، انہیں دکانداروں کی کوشش کے باوجود آج بھی نہیں کھولنے دیا گیا۔ علاقے میں پولیس کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ

Post a Comment

0 Comments