Ticker

6/recent/ticker-posts

مجرم کو باجماعت نماز ادا کرنے کی انوکھی سزا

کراچی کی مقامی عدالت نے غیر قانونی اسلحے رکھنے کا الزام ثابت ہونے پر شہری کو انوکھی سزا دیتے ہوئے 3 سال تک باجماعت نماز ادا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ کراچی کی مقامی عدالت میں غیر قانونی اسلحے رکھنے کے کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر پولیس نے ملزم یوسف خان کو جج کے روبرو پیش کیا جہاں مجرم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ ایڈیشنل اور سیشن جج حلیم احمد نے جرم ثابت ہونے پر ملزم کو 3 سال تک علاقے میں مسجد میں باجماعت نماز ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اگر ایک نماز میں تاخیر کی گئی تو ملزم کو 7 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنائی جائے گی۔
قبل ازیں عدالت کی جانب سے جرم ثابت ہونے پر بہادر آباد سے تعلق رکھنے والے ملزم کو 2 سال تک مسجد کی صفائی ستھرائی اور نماز ادا کرنے کی سزا سنائی گئی تھی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی عدالت کی جانب سے قاسم نامی نوجوان کو انوکھی سزا سناتے ہوئے اُسے ایک سال تک پلے کارڈ اٹھا کر سڑک پر کھڑے ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔ نوجوان نے سن 2015 میں پروٹوکول پر تعینات پولیس افسر کو ٹکر مار دی تھی جس کے بعد اُسے مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا گیا، دو سال تک مقامی عدالت میں مقدمے کی سماعت جاری رہی جس کے بعد نوجوان کو انوکھی سزا سنائی گئی۔
 

Post a Comment

0 Comments